باجوڑ میں جے یو آئی امیدوار قاری خیراللّٰہ کی گاڑی کے قریب بم دھماکا

باجوڑ (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے امیدوار قاری خیراللّٰہ کی گاڑی کے قریب بم دھماکا ہوا، دھماکے میں جے یو آئی رہنما محفوظ رہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) باجوڑ کاشف ذوالفقار کے مطابق باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے برکمر میں جے یو اۤئی کے امیدوار قاری خیر اللّٰہ کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔

ڈی پی او باجوڑ کا کہنا ہے کہ دھماکے میں صوبائی اسمبلی کی نشست حلقہ پی کے 19 سے جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار محفوظ رہے تاہم دھماکے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

ڈی پی او نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا، جس کے پھٹنے سے گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا، واقعے کے بعد پولیس نے سرچ اۤپریشن شروع کر دیا ہے۔

یاد رہے چند روز قبل جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے قافلے پر بھی ڈیرہ اسماعیل خان میں حملے کی خبریں سامنے آئی تھی لیکن بعد ازاں معلوم ہوا تھا کہ انکی گاڑی پر فائرنگ ہوئی تھی تاہم وہ اس میں موجود نہیں تھے۔

دوسری جانب سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن کے صاحبزادے سابق وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود کو بھی ایڈوائزری نوٹس جاری کردیا گیا۔

مولانا اسعد محمود کو جاری ایڈوائزری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی طرف سے آپ کو دوران سفر یا رہائش گاہ پر ٹارگٹ کیا جاسکتا ہے۔ غیر ضروری سفر اور اجتماعات سے گریز کریں۔ اپنی حرکات وسکنات کو خفیہ رکھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں