پاکستان نے بحیرہ عرب میں بحری جنگی جہازوں کو تعینات کر دیا

کراچی (ڈیلی اردو) پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں اپنے بحری جنگی جہازوں کو تعینات کر دیا یہ اقدام میری ٹائم سیکیورٹی کے حالیہ واقعات کے باعث اٹھایا گیا ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ نے میری ٹائم سیکیورٹی کے حالیہ واقعات کے بعد بحیرہ عرب میں اپنے جنگی جہازوں کو تعینات کر دیا ہے جن کی پاکستانی تجارتی راستوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے پٹرولنگ جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق پٹرولنگ کا مقصد پاکستان اور بین الاقوامی تجارتی بحری جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے اور پاک بحریہ کی جانب سے ان تجارتی گزرگاہوں کی مسلسل فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔

ترجمان کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک بحریہ خطے میں بحری امن برقرار رکھنے کے حوالے سے اپنی قومی ذمے داری سے بخوبی آگاہ ہے اور جنگی جہاز بحیرہ عرب میں مستقل موجودگی یقینی بنانے کیلئے پٹرولنگ کرتے ہیں۔

بحیرہ احمر میں کشیدگی

بحیرہ احمر گزشتہ کچھ دنوں سے یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے مسلسل حملوں کی زد میں رہا ہے، جس کی وجہ سے بڑے جہاز رانی کے اس راستے میں جہازوں کی حفاظت کے لیے امریکہ کو ایک نئی فورس بنانے کے غور کرنا پڑا۔

حوثیوں کا کہنا ہے کہ وہ یہ حملے غزہ میں جنگ کو ختم کرنے کی حمایت میں کر رہے ہیں۔

بحیرہ احمر سے عالمی سمندری تجارت کا 12 فیصد گزرتا ہے، تاہم ان حملوں کے بعد بعض کارگو کمپنیوں نے اپنے جہازوں کو ادھر سے بھیجنا بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اسی وجہ سے امریکہ اور دیگر کئی ممالک نے اس بحری راستے کی حفاظت کے لیے ایک نیا فورس بنانے پر اتفاق کیا۔

امریکی فوج نے گزشتہ ہفتے بھی اعلان کیا تھا کہ اس ایک جنگی جہاز نے یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں کی جانب سے بحیرہ احمر میں فائر کیے گئے ایک ڈرون اور ایک اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کو مار گرایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں