صوابی (ڈیلی اردو) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے گاڑی پر فائرنگ کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق صوابی اڈہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے گاڑی پر فائرنگ کی، جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ خالد ہلاک ہوگئے۔
موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوع پر پہنچی اور شواہد جمع کرکے لاش ہسپتال منتقل کی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
اس سے قبل آج صبح صوبہ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت میں جمعیت نظریاتی ضلع کوئٹہ کے امیر قاری مہراللہ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، خاندانی ذرائع نے بتایا کہ حملے میں قاری مہراللہ محفوظ رہے۔
قاری مہر اللہ بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 45 سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پختونخوا میں قبائلی شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ کے گاؤں تپی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے صوبائی اسمبلی کے آزاد امیدوار کلیم اللہ سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
اُدھر بلوچستان کے علاقے کیچ میں بھی گزشتہ روز سابق صوبائی وزیر، سینیٹر اور آئندہ عام انتخابات کے لیے حلقہ 258 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار میر اسلم بلیدی پر قاتلانہ حملہ ہوا جس میں وہ زخمی ہوگئے۔