پاکستان کا ایئر ڈیفنس ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ

راولپنڈی (ڈیلی اردو)پاکستان کی ملکی دفاعی نظام ناقابل تسخیر بنانے کے حوالے سے ایک اور اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایئر ڈیفنس ویپن سسٹم کا کامیابی سے تجربہ کیا گیا۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کراچی کے قریب اور بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی تحصیل سونمیانی میں پاک فوج نے البیضا 3 کی مشقیں کیں جس میں مختلف ایئر ڈیفنس ویپن سسٹمز کا کامیابی سے تجربہ کیا گیا۔

مشقوں کے دوران مختلف ایئر ڈیفنس ویپن سسٹمز کی فائرنگ کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا گیا جس کا آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مشاہدہ کیا۔

ان مشقوں کے دوران ہائی ٹو میڈیم ایئر ڈیفنس ویپن سسٹم، لو ٹو میڈیم ایئر ڈیفنس سسٹم، شارٹ رینج ایئر ڈیفنس سسٹم اور وسیع تر شارٹ رینج ایئر ڈیفنس سسٹم کا کامیابی سے تجربہ کیا گیا۔

پاکستان کی سرحدوں کے فضائی دفاع کو مزی مضبوط بنانے کے لیے ایک تاریخی کامیابی اور سنگ میل کے طور پر اونچے سے درمیانے درجے کے ایئر ڈیفنس ویپنز سسٹمز پہلے ہی وار میں ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کا کامیابی سے تجربہ کیا گیا۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے کور آف آرمی ایئر ڈیفنس کی مہارت اور آپریشنل تیاری کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کو سراہا۔

جنرل عاصم منیر نے افسروں اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن کے خلاف پیدا ہونے والے کسی بھی خطرے کو روکنے اور اس کا جواب دینے کے لیے ہماری ضروریات کے مطابق نظام کو جدید بنا رہی ہیں۔

کور کمانڈر کراچی، کمانڈر آرمی ایئر ڈیفنس، انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن اور انسپکٹر جنرل آرمز نے بھی مشق کا مشاہدہ کیا۔

اس سے قبل آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آرمی ایئرڈیفنس سینٹر میں یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔

سونمیانی

بلوچستان کے جنوبی سِرے پر واقع ضلع لسبیلہ مشرق میں صوبہ سندھ کے اضلاع کراچی، جامشورو اور دادو، مغرب میں ضلع گوادر، شمال میں ضلع آواران اور خُضدار اور جنوب میں بحیرہ عرب سے گھرا ہوا ہے۔

لسبیلہ پاکستان کے صوبے بلوچستان کا آٹھواں سب سے بڑا ضلع ہے جو 15،153 مربع کلومیٹر پر محیط ہے اور اس کا صدر مقام اُتھل ہے، جب کہ اس ضلع میں تحصیل حب، تحصیل سونمیانی، تحصیل بیلا، تحصیل دریجی اور تحصیل اوتھل شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں