انقرہ (ڈیلی اردو) ترکی نے روس سے دفاعی نظام ایس 400 کی خریداری میں امریکی دباؤ کو مسترد کردیا، انقرہ نے واضح کیا کہ دفاعی نظام سے متعلق پہلے ہی معاہدہ طے پاچکا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترک وزیر خارجہ نے اپنے روسی ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم نے روس کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے اور اس کے پابند ہیں، دیگر ممالک کی جانب سے دباؤ عالمی قوانین کے منافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکی نے امریکی کمپنی کے تیار کردہ ایف 35 جنگی طیارے کے پروگرام میں شراکت دار کے حوالے سے تمام قواعد پر عمل درآمد کیا ہے۔
وزیر خارجہ نے بتایا کہ ایف 35 منصوبے میں ترکی شراکت دار ہے اور انقرہ میں ہی طیارے کے بعض حصے تیار ہوں گے۔
دوسری جانب امریکی حکام نے ترکی کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے روسی ساختہ دفاعی نظام خریدا تو اسے ممکنہ طور پر اقتصادی پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، امریکی ساختہ ایف 35 جنگی طیارے کے پروگرام میں بھی ترکی کی شرکت مشکوک ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ روسی دفاعی نظام کی خریداری کے علاوہ واشنگٹن اور انقرہ کے درمیان شام کے تنازع پر بھی کشیدگی پائی جاتی ہے۔
روسی ساختہ دفاعی نظام ایس 400 کی ترکی کو فراہمی جولائی میں ممکن ہوگی۔
یاد رہے کہ امریکا میں ہونے والی پیش رفت کے مطابق 4 امریکی سینیٹر نے بل کا مسودہ پیش کیا جس میں ترکی کو ایف 35 طیارے کی فراہمی کو روسی دفاعی نظام سے دستبرداری سے مشروط کیا گیا تھا