پیونگ یانگ (ڈیلی اردو/اے ایف پی) شمالی کوریا نے آبدوز سے اسٹریٹجک کروز میزائلوں کے کامیاب تجربے کے چند روز بعد ہی آج مزید متعدد کروز میزائل فائر کیے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق جنوبی کوریا جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے کہا کہ فوج کو صبح 11 بجے کے قریب ملک کے مغربی ساحل سے دور سمندر میں متعدد کروز میزائل فائر کیے جانے کا پتا چلا۔
جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جنوبی کوریا کی فوج نے امریکا کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے نگرانی کو بڑھا دیا ہے۔
North Korea fires multiple cruise missiles into West Sea, says South Korea@PriyankaSh25 tells you more
Watch more at https://t.co/AXC5qRugeb pic.twitter.com/5zCNRRfJPt
— WION (@WIONews) February 2, 2024
بیان میں کہا گیا کہ فوج شمالی کوریا کی فوج کی جانب سے اضافی سرگرمیوں کے آثار کی باریک بینی سے نگرانی کر رہی ہے اور وہ ان تجربات کا تفصیلی تجزیہ لے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 3 روز قبل ہی شمالی کوریا نے آبدوز سے اسٹریٹجک کروز میزائلوں کا کامیاب تجربہ کیا تھا، میزائل نے 2 گھنٹوں تک ملک کے مشرقی ساحل سے سمندر کے اوپر پرواز کرتے ہوئے اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا تھا۔
شمالی کوریا کے صدر کم جونگ ان نے تجربے کا معائنہ کیا تھا، شمالی کوریا کے حکام کے مطابق یہ میزائل تجربہ فوج کو جدید بنانے کے لیے اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے اور اس کا مقصد ملک کو ایک طاقتور بحری قوت بنانا ہے۔
واضح رہے چند روز قبل شمالی کوریا نے امریکا، جنوبی کوریا اور جاپان کی مشترکہ بحری مشقوں کے جواب میں پانی کے اندر جوہری ہتھیاروں کے نظام کا تجربہ کیا تھا۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکا، جنوبی کوریا اور جاپان نے حال ہی میں مشترکہ بحری مشقیں کی تھیں جس میں امریکی جوہری صلاحیت کا حامل ایئر کرافٹ کیریئر بھی شریک تھا۔
ان مشقوں پر رد عمل دیتے ہوئے شمالی کوریا کی وزارت دفاع نے کہا تھا کہ ان مشقوں سے شمالی کوریا کی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں لہٰذا اس کے ردعمل میں ہم نے اپنے زیرِ آب جوہری ہتھیاروں کے نظام ’ہائیل۔5-23‘ کا اہم تجربہ کیا تھا۔
پچھلے سال کے اوائل میں شمالی کوریا نے کہا تھا کہ اس نے زیر آب جوہری حملہ کرنے والے ڈرون کے متعدد تجربات کیے ہیں تاہم حال میں جس نظام کا تجربہ کیا گیا ہے وہ مختلف ہے۔
ہائیل کا کوریا کی زبان میں مطلب سونامی ہے اور یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ نظام سمندر میں سونامی کو جنم دے سکتا ہے۔