دمشق (ڈیلی اردو) شام میں دو مختلف مقامات پر اسرائیل کی بمباری میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 14 ہوگئی جب کہ 10 سے زائد زخمی ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کے پہلے حملے میں حزب اللہ کے 2 جنگجو سمیت 11 افراد ہلاک اور 6 سے زائد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ اس کی فورسز نے حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں اسلحہ ڈپو بھی تباہ کردیا گیا جب کہ متعدد جنگجو مارے گئے۔
دوسری جانب انسانی حقوق کے نگران ادارے ’سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس‘ نے بتایا کہ شام کے دارالحکومت دمشق کے جنوبی علاقے میں ایک رہائشی عمارت پر اسرائیل نے بمباری کی۔
بمباری میں عمارت مکمل طور پر تباہ ہوگئی جب کہ اس میں موجود 3 افراد جاں بحق ہوگئے اور 5 سے زائد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، اسرائیل نے دمشق کے دیہی علاقوں میں مزہ ملٹری ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنایا۔