پاکستانی سرحد کے قریب ایرانی کرنل ہلاک

اسلام آباد (ش ح ط) ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ایرانی کرنل ہلاک ہوگیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے صوبہ سیستان بلوچستان میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ایرانی کرنل سید مرتضیٰ حسینی ہلاک ہوگئے ہیں۔

ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق یہ واقعہ پاکستانی سرحد کے قریب ایرانی دیہی علاقے سراوان میں پیش آیا ہے۔

ایرانی صوبے سیستان بلوچستان اکثر بدامنی کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں اور اس کی ایک سرحد افغانستان سے بھی ملتی ہے۔ اس علاقے میں سنی جہادی گروہ بھی سرگرم ہیں۔

واضح رہے کہ ایرانی سکیورٹی فورسز نے گذشتہ ہفتے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلوچستان کی سرحد سے منسلک علاقے پنجگور میں میزائل داغے تھے جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ایرانی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران نے کالعدم تنظیم جیش العدل کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے تباہ کیا ہے۔

ایران نے پاکستان سے قبل عراق اور شام میں بھی “دہشت گردوں اور اسرائیلی جاسوسوں کے ٹھکانوں” پر حملے کیے تھے۔

ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور پنجگور میں میزائل حملے کے جواب میں پاکستان نے تین دن کے بعد ایران کے اندر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر میزائل فائر کیے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے 18 جنوری کو ایک بیان میں کہا کہ جمعرات کی صبح ایران کے سرحدی صوبے سیستان بلوچستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس دوران کالعدم بلوچ علیحدگی پسند تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے ٹھکانوں پر حملے کیے گئے۔

پاکستان نے اس کارروائی کو “آپریشن مرگ بر سرمچار” کا نام دیا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کارروائی میں متعدد “دہشت گرد” مارے گئے۔

ایران کے سیستان بلوچستان کے ڈپٹی گورنر علی رضا مہرماتی کے حوالے سے سرکاری ٹیلی ویژن نے بتایا کہ “پاکستان نے ایک ایرانی سرحدی گاوں پر میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔”

انہوں نے مزید بتایا کہ،”یہ حملے سراوان شہر کے قریب ایک گاوں پر ہوئے، جو پاکستان کی سرحد پر واقع ہے۔ ان حملوں میں تین خواتین اور چار بچے ہلاک ہوگئے۔ یہ تمام غیر ایرانی شہری تھے۔”

واضح رہے کہ سیستان بلوچستان میں بلوچ برادری آباد ہے جو پاکستان کے صوبے بلوچستان کی سرحد سے ملتا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں