اسلام آباد (ڈیلی اردو/بی بی سی) سپریم کورٹ آف پاکستان نے مبارک احمد کیس میں پنجاب حکومت کی نظر ثانی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی ہے۔
سپریم کورٹ نے نظرثانی درخواست پر پیر کے لیے نوٹس جاری کر دیا ہے۔
اسٹنٹ پراسیکیوٹر پنجاب نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ مبارک ثانی کیس فیصلہ کے پیرا نو میں آرٹیکل 20 کی مکمل وضاحت نہیں کی گئی۔ آئین کے آرٹیکل 20 کے تحت مذہبی آزادی لامحدود نہیں ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ وضاحت نہ ہونے سے فیصلہ کا غلط تاثر دیا گیا۔ اسسٹنٹ پراسیکیوٹر پنجاب کی درخواست پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے ہیں کہ جب آرٹیکل 20 کا ذکر آگیا تو وضاحت کی ضرورت نہیں تھی، کہتے ہیں تو وضاحت کر دیتے ہیں۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 20 کے مطابق مذہبی آزادی پبلک آرڈر اور اخلاقیات سے مشروط ہے۔ نظرثانی میں وضاحت کے لیے نوٹس کرنا پڑے گا۔ سپریم کورٹ نے پنجاب حکومت کو نظرثانی پر 26 فروری کو نوٹس کر دیا۔