تل ابیب (ڈیلی اردو) اسرائیلی فوج نے لبنان کی سرحد کے نزدیک شامی علاقے میں ایک ٹرک کو نشانہ بنایا جس میں حزب اللہ کے دو کمانڈر ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کے دو جنگجو ٹرک پر یروشلم جانے والے راستے میں اسرائیلی حملے میں ہلاک ہوگئے۔
حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں بدلہ لینے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ٹرک پر اندھا دھند فائرنگ کی جس میں ہمارے دونوں کمانڈرز موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
تاہم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے شام اور لبنان کی سرحد کے قریب ٹرک کو میزائل حملے میں تباہ کیا تھا جس میں کم از کم دو جنگجو ہلاک ہوگئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی ایک رہائشی محلے پر اسرائیلی حملے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں 3 ایران نواز مزاحمت کار، 2 غیر ملکی اور ایک شامی شامل ہیں۔
اسرائیلی فوج نے رواں ماہ کے آغاز میں اعلان کیا تھا کہ اس نے زمین اور فضا سے شام میں حزب اللہ کے 50 سے زیادہ اہداف پر حملہ کیا ہے۔