لاہور (بیورو رپورٹ) صوبہ پنجاب کے ضلع بہاولپور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے احمدیہ کمیونٹی کا مقامی صدر ہلاک ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بہاول پور کے چک 84 حاصل پور، کے احمدیہ کمیونٹی کے مقامی صدر طاہر اقبال چیمہ کو آج نامعلوم شرپسندوں کی جانب سے گولیاں ماری گئیں اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
پولیس کے مطابق بروز سوموار کے روز بہاولپور میں احمدیہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے طاہر اقبال چیمہ نامی شخص کو گولی مار کر ہلاک دیا گیا۔ جبکہ حملہ آور فرار ہوگئے۔ تاہم پولیس حملہ آور کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔
احمدی کمیونٹی کےمطابق طاہر اقبال کی کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی اور بظاہر انہیں صرف ان کے عقیدے کے باعث ہی ہلاک کیا گیا۔
پاکستان میں احمدی مسلم کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کی تعداد 40 لاکھ سے زائد ہے۔ پاکستان میں سن 1974 میں احمدیوں کو غیر مسلم قرار دے دیا گیا تھا اور تب سے یہ کمیونٹی نفرت انگیزی اور پرتشدد حملوں کا سامنا کر رہی ہے۔
جماعت احمدیہ کے جمع کردہ اعداد و شمار کے مطابق سن 1984 سے لے کر اب تک پاکستان میں احمدیہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے کم از کم 270 افراد کو قتل کیا جا چکا ہے۔