انقرہ (ڈیلی اردو) ترکیہ میں بلدیاتی انتخابات کی جاری مہم کے دنوں میں سیکیورٹی فورسز نے ایسے 33 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے جن کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ انتخابی مہم کے دوران دہشت گردی کے واقعات کی ممنصوبہ بندی کر رہے تھے۔
انسداد دہشت گرد پولیس کی طرف سے یہ اطلاع سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ ایکس ‘ کے ذریعے دی گئی ہے۔ خیال رہے ترکیہ میں بلدیاتی انتخابات 31 مارچ کو متوقع ہیں اور آج کل مہم جاری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گرفتاریاں ترکیہ کے شمال مغربی علاقے میں عمل میں آئی ہیں اور ان مشتبہ افراد سے اسلحہ بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔
ترک وزیر داخلہ نے اس سلسلے میں اپنے بیان میں کہا ہے ‘ہم کسی بھی دہشت گرد کو برداشت نہیں کریں گے۔ ہم اپنی سیکورٹی فورسز کی اعلیٰ کوششوں کے ساتھ اپنی لڑائی بلا روک ٹوک جاری رکھیں گے۔’
وزیر داخلہ کے مطابق داعش سے وابستہ ان مشتبہ افراد کا گروپ جنگ زدہ علاقوں میں جنگجو فراہمی کا کام بھی کر رہا تھا جبکہ مسجدوں اور مدارس سے دہشت گردوں کے لیے چندہ جمع کیا جا رہا تھا۔
واضح رہے ترکیہ کو پچھلے کم از کم دس برسوں سے داعش کی طرف سے حملوں کا خطرہ جاری ہے۔ ترکیہ میں کئی دھماکے اور حملے ہو چکے ہیں۔ اسی سال جنوری کے دوران ایک گرجا گھر پر بندوق بردار نے حملہ کر کے ایک شخص کو ہلاک کر دیا تھا۔