اسلام آباد پولیس نے عسکری اور مذہبی منافرت پھیلانے والے 462 سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کروا دیئے

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پولیس نے سینکڑوں سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کروا دیئے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ انسداد انتہاء پسندی یونٹ کی کارروائی کے نتیجے میں سوشل میڈیا پر مذہبی، مسلکی، لسانی منافرت پھیلانے والے 462 اکاونٹس بند کروا دئیے گئے، بند ہونے والے اکاونٹس میں 65 مذہبی، 47 ملک اور عسکری قیادت کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے اور 350 اکاونٹس دہشت گردی مواد پھیلانے میں ملوث تھے۔

اپنے ایک بیان میں ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے منفی سرگرمیوں میں ملوث 1 ہزار 522 اکاؤنٹس کی نشاندہی کی ہے، ان اکاونٹس کی بندش کے لئے ایف آئی اے کو خط لکھا گیا، باقی 1060 اکاونٹس کو بھی جلد بند کردیا جائے گا، انتہا پسندی کی روک تھام سے دہشت گردی کے تدارک اور شہر کی سکیورٹی کو موثر بنانے میں مدد مل رہی ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کی جانب سے عوام الناس سے گزارش کی گئی ہے کہ سوشل میڈیا پر ایسی منفی سرگرمیوں سے دور رہیں، بصورت دیگر ایسی منفی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی، شہری ایسی کسی بھی سرگرمی کے متعلق پکار 15 یا آئی سی ٹی 15 ایپ پر اطلاع دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں