واشنگٹن + بیجنگ (ڈیلی اردو/وی او اے) امریکہ اور چین نے پاکستان میں چینی شہریوں پر حملے کی مذمت کی ہے جب کہ بیجنگ نے اسلام آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واقعے کی جامع تحقیقات کرے۔
چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ چین داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر کام کرنے والے انجینئرز کی گاڑی پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتا ہے اور جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ پانچ چینی شہریوں کی ہلاکت کے واقعے کی جلد از جلد جامع تحقیقات کرے اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔
واضح رہے کہ منگل کو پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام میں داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ جانے والے قافلے پر ایک خودلش حملے میں پانچ چینی باشندوں سمیت چھ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
حکام کا کہنا تھا کہ ایک خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی قافلے میں شامل ایک گاڑی سے ٹکرائی۔
چین کی وزارتِ خارجہ نے پاکستان سے چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کی حفاظت کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
بیان میں ترجمان نے کہا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش بروئے کار لانے کے لیے چین پاکستان کے ساتھ مزید مضبوط عزم کے ساتھ کام کرے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں چین کے سفارت خانے نے پاکستان میں مقیم اپنے شہریوں اور کاروباری اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقامی سیکیورٹی صورتِ حال پر گہری نظر رکھیں اور اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
امریکی مذمت
دوسری جانب امریکہ نے بھی بشام خودکش حملے کی مذمت کی ہے۔
امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے منگل کو ایک پریس بریفنگ کے دوران پوچھے گئے سوال پر کہا کہ “ہمیں حملے میں جانی نقصان اور لوگوں کے زخمی ہونے پر دکھ ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام نے دہشت گردوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا ہے جب کہ پاکستان میں چین کے شہری بھی دہشت گرد حملوں کا شکار ہوئے ہیں۔
بشام خودکش حملے کے بعد چینی کمپنی نے بجلی پیدا کرنے والے منصوبے تربیلا ٹی فائیو پروجیکٹ پر کام روک دیا ہے۔
پراجیکٹ انتظامیہ کے مطابق سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ٹی فائیو منصوبے پر کام روکا گیا ہے اور اگلے نوٹی فکیشن تک تعمیراتی کام معطل رہے گا۔
واضح رہے کہ داسو کے مقام پر ڈیم کی تعمیر کا پروجیکٹ جاری ہے۔ اس پروجیکٹ پر کام کرنے والے چینی انجینئروں پر ماضی میں بھی حملے ہوتے رہے ہیں۔
جولائی2021 میں اپر کوہستان کے علاقے داسو میں ڈیم کی تعمیر کے دوران دہشت گردی کا ایک واقعہ پیش آیا تھا۔ اس خودکش حملے میں ڈیم کی تعمیر پر کام کرنے والے نو چینی انجینئرز سمیت 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔