ایران میں پولیس گاڑیوں پر حملے میں 5 افسران ہلاک، جیش العدل نے ذمہ داری قبول کرلی

تہران (ڈیلی اردو/رائٹرز) ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان-بلوچستان میں پولیس کی دو گاڑیوں پر حملے میں 5 افسران مارے گئے اور ایک زخمی ہوگیا۔

غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایران کی سرکاری ٹی وی نے رپورٹ میں بتایا کہ دہشت گردوں نے پولیس کی کاروں پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق حملے کی ذمہ داری جیش العدل نے قبول کی ہے جبکہ پولیس پر حملے کا واقعہ اسی خطے میں چند روز قبل پاسداران انقلاب کے مرکز پر حملے کے نتیجے میں 11 سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد سامنے آیا ہے۔

ایرانی خبرایجنسی تسنیم نے بتایا کہ پولیس افسران ایک ملزم کو لے کر واپس آرہے تھے جو گزشتہ ماہ منشیات کے خلاف کارروائی کے دوران پولیس افسر کے قتل میں ملوث تھا۔

جیش العدل صوبے میں بلوچ اقلیت کو بنیادی حقوق برابری کی بنیاد پر فراہم کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے جبکہ حالیہ برسوں میں ایرانی سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث رہی ہے۔

افغانستان اور پاکستان کی سرحد سے منسلک علاقوں میں ایرانی سیکیورٹی فورسز کو حملوں کا سامنا رہا ہے اور جیش العدل سمیت دیگر گروپس حملوں میں ملوث رہے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں