حزب اللہ کا اسرائیل پر ڈرون اور میزائل حملوں کا دعویٰ

بیروت (ڈیلی اردو/وی او اے/اے ایف پی) لبنان میں سرگرم ایرانی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں اس کے دو ارکان سمیت تین افراد کی ہلاکت کے بعد شمالی اسرائیل میں ڈرونز اور گائیڈڈ میزائل داغے گئے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق ہفتے کو حزب اللہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے المنارا ملٹری کمانڈ کے ہیڈکوارٹرز اور گولانی بریگیڈ کو نشانہ بنایا ہے۔

دوسری طرف اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے آئرن ڈوم دفاعی نظام نے کامیابی سے مشتبہ فضائی حملے کو ناکام کیا جو کہ لبنان سے شمالی اسرائیل میں منارا کے علاقے میں کیا گیا۔

اسرائیلی فوج کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس نے لبنان سے منارا کے سرحدی علاقے میں داغے گئے کئی اینٹی ٹینک میزائلوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی نے بعد ازاں رپورٹ کیا کہ صربین گاؤں میں کیے جانے والے اسرائیلی فضائی حملے میں 11 افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔

اسرائیلی فوج کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ اس سے قبل اسرائیلی جنگی جہازوں نے جنوبی لبنان کے علاقے قوزح میں عسکری اہداف کو نشانہ بنایا۔

خیال رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جب سے جنگ شروع ہوئی ہے، لبنان اور اسرائیل کی سرحد پر لگ بھگ روزانہ ہی فائرنگ کا تبادلہ دیکھا جا رہا ہے۔

حزب اللہ کی طرف سے ہفتے کو جاری کردہ دو مختلف بیانات میں کفر قلعہ اور خیام میں ہلاک ہونے والے دو جنگجوؤں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔

حزب اللہ کا ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کہنا تھا کہ اس نے شمالی اسرائیل میں میرن میں قائم بیس پر درجنوں راکٹس داغے۔

حزب اللہ کا کہنا ہے کہ وہ جنوبی لبنان میں کفر قلعہ اور صربین سمیت کئی مقامات پر شہریوں کے گھروں پر کیے جانے والے اسرائیلی حملوں کا بدلہ لے رہا ہے۔

علاوہ ازیں اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق اس کے آئرن ڈوم نظام نے لبنان کی سرزمین سے شمالی اسرائیل پر داغے گئے میزائلوں کو کامیابی سے تباہ کیا اور صربین میں عسکری اہداف کو نشانہ بنایا۔

یکم اپریل کو تہران کے دمشق قونصل خانے پر بمباری کے بعد اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد سے حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل میں فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے میں تیزی آئی ہے۔

حوثی باغیوں کا امریکی مفادات کو نشانہ بنانے کا عزم

دریں اثنا بحیرہ احمر میں برطانوی آئل ٹینکر پر حملے کے بعد ایک اعلی حوثی عہدیدار نے خطے میں امریکی تنصیبات کا نشانہ بنانے کا انتباہ کیا ہے۔

بعض مبصرین کے مطابق یہ مشرق وسطی میں تہران کا اثر و رسوخ بڑھانے کی ایرانی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق یمن کے حوثی جن کے کنٹرول میں ملک کے شمالی علاقوں کا بڑا حصہ اور بحیرہ احمر کے ساحلی علاقے کا کچھ حصہ ہے، انہوں نے برطانوی آئل ٹینکر “دی ایندرمیدا اسٹار” پر حملہ کیا۔

امریکی فوجی ذرائع کے مطابق حوثیوں کے میزائل سے ٹینکر کا کچھ حصہ متاثر ہوا ہے۔

دوسری طرف حوثیوں کے ملٹری ترجمان یحیٰ سری نے ویڈیو بیان میں دعوی کیا ہے کہ حوثی فورسز نے ایندرمیدا اسٹار براہ راست نشانہ بنایا۔

اس کے علاوہ ان کے بقول حوثیوں کے دفاعی نظام نے حوثیوں کے زیرِ کنٹرول علاقے پر پرواز کرنے والے امریکی ڈرون کو بھی مار گرایا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں