اسلام آباد (شبیر حسین طوری) حساس اداروں نے خیبر پختونخوا کے یونیورسٹیوں اور کالجوں پر دہشت گرد حملے کا خدشہ ظاہر کردیا، افغانستان سے خودکش بمبار پاکستان میں داخل ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی کی جانب سے پشاور پولیس سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اداروں کو ریڈ الرٹ کا خط جاری کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کالعدم تنظیم کا دہشت گرد اختر زمان عرف شیر زمان افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوگیا۔
خودکش حملہ آور پشاور کے اسلامیہ کالج یونیورسٹی، اقرا یونیورسٹی نزد باغ ناران حیات آباد، قرطبہ یونیورسٹی، فارورڈ ڈگری کالج اور خیبر ٹیچنگ ہسپتال کی پشت پر واقع دیگر تعلیمی اداروں کو نشانہ بنا سکتا ہے
نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کی جانب سے 21 جنوری کو جاری لیٹر کے مطابق خدشہ ہے کہ تخریب کار خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور کے تعلیمی اداروں، کالجوں، یونیورسٹیز، دفاتر اور گاڑیوں کو نشانہ بناسکتا ہے۔ ملٹری سیکریٹری ٹو ایوان صدر ہاؤس اسلام آباد، ملٹری سیکریٹری ٹو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد اور پرنسپل سیکریٹری ٹو وزیراعلی خیبر پختونخوا سمیت دیگر حساس اداروں کو بھی بھیجا گیا ہے۔
حساس ادارے کا کہنا ہے کہ ریڈ الرٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے سخت سیکیورٹی اقدامات یقینی بنائے جائیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔