کراچی (ڈیلی اردو) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے انچولی میں نامعلوم حملہ آور نے فائرنگ کر کے امام بارگاہ علی اصغر کے منتظم کو شدید زخمی کردیا۔
ترجمان سینٹرل پولیس کے مطابق بروز سوموار کو انچولی میں امیر حیدر نامی شہری اپنے گھر واپس آ رہا تھا، کہ دروازے ہی پر پیچھے سے آنے والے ایک شخص نے اچانک فائرنگ کر دی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حیدر کو 4 گولیاں ماری گئیں، سمن آباد پولیس موقع پر موجود ہے، اور ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق بھی جائے وقوعہ پر پہنچے، انھوں نے بتایا کہ کرائم سین یونٹ نے تمام شواہد اکھٹے کر لیے ہیں۔
ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق امیر حیدر کو ان کے گھر کے باہر فائرنگ کر کے شدید زخمی کیا گیا، میر حیدر اپنے گھر میں داخل ہو رہے تھے کہ حملہ آور آیا اور فائرنگ کر کے فرار ہو گیا، اس واقعے میں 30 بور کی پستول استعمال کی گئی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آور شہری امیر حیدر کا تعاقب کرتا ہوا اکیلا پیچھے تک آیا، حیدر کو اپنے گھر کی جانب آتے دیکھا جا سکتا ہے، ملزم اچانک سے پیچھے آیا اور گھر میں داخل ہوتے ہوئے حیدر پر فائرنگ کر دی، سی سی ٹی وی کے مطابق ملزم نے 2 سیکنڈ میں فائرنگ کی اور فرار ہو گیا۔
فائرنگ کا یہ واقعہ امام بارگاہ علی اصغر کے قریب پیش آیا ہے، پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس واردات میں 2 موٹر سائیکل سوار ملوث ہیں، فوٹیج میں بھی کچھ ہی فاصلے پر ایک دوسری مشکوک موٹر سائیکل کو آہستہ ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔