کراچی (ڈیلی اردو) صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی کی تحصیل میرپور ماتھیلو میں نامعلوم افراد کے حملے میں ہلاک ہونے والے صحافی نصر اللّٰہ گڈانی کے قتل کا مقدمہ اب تک درج نہ ہوسکا۔
سندھ کمیشن فار پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ اَدر میڈیا پریکٹیشنرز نے جے آئی ٹی مسترد کرتے ہوئے آئی جی سندھ سے نئی اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم بنانے کا مطالبہ کردیا۔
دوسری جانب صحافی کے قتل کے خلاف لاڑکانہ، جیکب آباد، گھوٹکی، سجاول، میہڑ اور عمر کوٹ میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
سجاول میں صحافیوں نے پریس کلب سے پبلک پارک تک ریلی نکالی اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
صحافی نصر اللّٰہ گڈانی کو چند روز قبل نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا تھا، صحافی کو علاج کے لیے کراچی منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گئے۔