ریاض + کراچی (ڈیلی اردو) سعودی انٹرپول نے کالعدم لشکر جھنگوی کے ریاض بسرا گروپ کا اہم رکن اور گزشتہ دس سال سے انتہائی مطلوب دہشت گرد راؤ حبیب الرحمٰن کو سعودی عرب سے گرفتار کرلیا۔
https://x.com/cozyduke_apt29/status/1795050359573889525?t=lSqIIPee4D_06QmsWSlXKQ&s=19
پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مطلوب دہشت گرد کو سعودی عرب سے گرفتار کر کے فلائٹ نمبر SV700 کے ذریعے کراچی ایئر پورٹ منتقل کیا گیا۔
ملزم راؤ حبیب الرحمٰن پنجاب پولیس کو مطلوب ہے، ملزم کے خلاف تھانہ فتح شاہ وہاڑی میں انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے، ملزم کے خلاف 2014ء میں مقدمہ درج ہوا تھا۔
مطلوب دہشت گرد راؤ حبیب الرحمٰن کا تعلق پنجاب کے ضلع وہاڑی کی تحصیل بورے والا سے ہے۔ جو کالعدم تنظیم لشکرِ جھنگوی کے ریاض بسرا گروپ سے منسلک اور دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزم کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا، گرفتار ملزم کو پنجاب پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے ملزم کی گرفتاری پر این سی بی انٹرپول پاکستان کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ انٹرپول پاکستان جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ 24/7 پوری دنیا کے ساتھ رابطے میں ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کا کہنا ہے کہ سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری ملزمان کے لیے دنیا میں کوئی بھی جگہ محفوظ نہیں، ملزمان کی معلومات کے حوالے سے بھی انٹرپول یا بین الاقوامی پولیس آرگنائزیشن کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی ہے کہ سنگین جرائم میں مطلوب عناصر کی گرفتاری کے لے کارروائیاں مزید تیز کی جائیں، ملزمان کی گرفتاری کے لیے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مضبوط روابط قائم کیے جائیں۔
ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے یہ ہدایت بھی کی کی ہے کہ سنگین جرائم میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔