خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں: 23 شدت پسند اور ایک کیپٹن سمیت 7 فوجی ہلاک

اسلام آباد (ڈیلی اردو/بی بی سی) پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں اتوار اور پیر کو سکیورٹی فورسز کی تین مختلف کارروائیوں میں مجموعی طور پر 23 شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے جبکہ ان کارروائیوں کے دوران ایک کیپٹن سمیت سات فوجی اہلکار بھی مارے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق پاکستانی فوج کے ایک نائیک، ایک لانس نائیک اور تین سپاہی پیر کو ضلع خیبر کے علاقے باغ میں ہونے والی جھڑپ میں مارے گئے جبکہ اس دوران سات شدت پسند بھی ہلاک ہوئے۔

فوج کی جانب سے ہی پیر کو ہی ضلع ٹانک میں ہونے والی کارروائی میں دس شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق تیسری کارروائی اتوار کو پاشور کے علاقے حسن خیل میں کی گئی تھی جس میں چھ شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ اس کارروائی کے دوران پاکستانی فوج کے کیپٹن حسین جہانگیر اور ایک حوالدار کی جان گئی تھی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے اور ایسی کارروائیوں کا مقصد ان علاقوں سے شدت پسندی کا خاتمہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں