بلوچستان: واشک میں ایرانی فورسز کی فائرنگ سے 4 پاکستانی ہلاک، 4 زخمی

اسلام آباد (ش ح ط) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ایران سے متصل ضلع واشک کی تحصیل ماشکیل میں ایرانی فورسز کی مبینہ فائرنگ سے 4 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔

https://x.com/ShabbirTuri/status/1795726400839970953?t=sL0MBkWzIs9H2dvZB2Vf_w&s=19

حکام کے مطابق پاکستانیوں پر فائرنگ کا واقعہ گزشتہ رات پیش آیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ماشکیل عمر جمالی کے مطابق بدھ کو ایرانی فورسز کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 4 پاکستانی ہلاک ہوگئے جبکہ 4 دیگر زخمی ہوگئے۔

اے ڈی سی نے مزید بتایا کہ ایرانی فورسز کی جانب سے فائرنگ پاک ایرانی سرحدی علاقے کلا گرانڈی میں کی گئی۔

عمر جمالی نے بتایا کہ ایرانی فورسز کے اہلکار 2 پاکستانیوں کو اپنے ہمراہ بھی لے گئے ہیں۔

ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت عبدالواسع ریگی، شکر اللہ ریگی، کھستی ریگی اور اصغر ساسولی کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے مطابق ہلاک افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم اور زخمی افراد کو علاج کے لیے گورنمنٹ رورل ہیلتھ سینٹر ماشکیل منتقل کیا گیا۔

بلوچستان میں پانچ اضلاع کی طویل سرحد ایران کے ساتھ لگتی ہے۔

ایران کے ساتھ جو اضلاع سرحد پر واقع ہیں ان میں چاغی، واشک، پنجگور، کیچ اور گوادر بھی شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں