ریاستی اداروں کیخلاف ’ڈیجیٹل دہشت گردی‘ کا مقصد فوج اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہے، کور کمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی (ڈیلی اردو/بی بی سی)پاکستانی فوج کی قیادت کے مطابق ریاستی اداروں بالخصوص افواج پاکستان کے خلاف جاری شدہ ’ڈیجیٹل دہشت گردی‘، مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے بیرونی سہولت کاروں کی مدد کے ساتھ کی جا رہی ہے، اس کا مقصد جھوٹ اور پروپیگنڈا کے ذریعے پاکستانی قوم میں مایوسی پیدا کرنا اور قومی اداروں بالخصوص افواج پاکستان اور عوام کے درمیان خلیج ڈالنا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی آئی ایس پی آر نے فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں لازم ہے کہ نو مئی کے منصوبہ سازوں، مجرموں، اس کی حوصلہ افزائی کرنے والوں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم نے جی ایچ کیو میں فارمیشن کمانڈر کانفرنس کی سربراہی کی جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل سٹاف افسران اور فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے بھی شرکت کی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ فورم نے اتفاق کیا کہ ملک ان مقاصد سے آگاہ ہے اور ان قوتوں کے ارادوں کو شکست دی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق فورم نے افغانستان کی سرحد پار سے مسلسل خلاف ورزیوں اور افغان سرزمین کو استعمال کرتے ہوئے دہشت گردی کی منصوبہ بندی پر سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ فورم نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دشمن پاکستان کے اندر سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کیے لیے افغانستان کو استعمال کر رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر اعلامیے کے مطابق فورم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نئے ضم شدہ اضلاع کے عوام کی بیش بہا قربانیوں کا اعتراف کیا اور دہشت گردی کو فیصلہ کن شکست دینے کے لیے نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اعلامیے کے مطابق فورم نے بلوچستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ بیرونی طور پر پروپیگنڈہ کرنے والوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’فورم نے کہا کہ پروپیگنڈہ کرنے والوں کی پشت پناہی غیر ملکی سپانسرڈ پراکسیوں کے ذریعے کی جاتی ہے تا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو امن اور ترقی سے دور رکھا جا سکے۔‘

اعلامیے کے مطابق فورم نے مشرقی سرحد پر موجودہ صورتحال اور انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کے تازہ ترین واقعات کا جائزہ لیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

اعلامیے کے مطابق فورم نے انڈیا میں سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے بڑھتے ہوئے فاشزم پر اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ انسانیت سوز سلوک پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کی۔

فوج نے غزہ پٹی کے اندر رفح آپریشن اور دیگر تمام آپریشنز کو روکنے کے لیے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی حمایت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں