بیرون ممالک پناہ حاصل کرنے والے پاکستانیوں کو پاسپورٹ جاری نہیں ہو گا: وزارت داخلہ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ڈائریکٹوریٹ نے بیرون ممالک پناہ حاصل کرنے والوں پاکستانیوں کے پاسپورٹ کے اجراء پر پابندی عائد کر دی ہے۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ، اسلام آباد میں انچارج (آن لائن اوورسیز) اور ملک بھر میں پاسپورٹ جاری کرنے والی اتھارٹیز کو لکھے جانے والے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک سیاسی پناہ کے تحت رہنے یا اس مقصد کے لیے درخواست دہندہ گان پاکستانی شہریوں کو پاکستانی پاسپورٹ جاری نہیں کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی سربراہی میں کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ بیرون ممالک پناہ لینے والے اور ان کی شہریت حاصل کرنے والوں کے پاسپورٹ منسوخ کردیے جائیں گے۔

اس سلسلے میں وزارت خارجہ، پاسپورٹ حکام اور امیگریشن حکام کو مراسلے جاری کردیے گئے ہیں۔ دوسرے ممالک میں پناہ لینے والے پاکستانیوں کے پاسپورٹ کی دوبارہ تجدید نہیں ہوگی۔

وزارت داخلہ کے مطابق یہ فیصلہ ملک کے حساس اداروں کی مشاورت سے کیا گیا ہے جس کا مقصد ملک کی سالمیت کے خلاف کام کرنے والوں کیخلا ف کارروائی کرنی ہے۔

وزارت داخلہ کے حکام کے مطابق یہ حکم نامہ وزارت داخلہ محسن نقوی کے دستخطوں سے جاری کر دیا گیا ہے اب کوئی بھی بیرون ممالک یا یورپ میں اگر وہاں کی شہریت حاصل کرے گا تو اس کے پاسپورٹ اور شہریت کو منسوخ کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ حالیہ برسوں کے دوران روزگار کے مواقعوں میں کمی، معاشی بدحالی اور مہنگائی کے پیشِ نظر پاکستانی شہریوں کے ملک چھوڑنے اور دیگر ممالک میں رہائش اختیار کرنے کے رجحان میں کئی گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

گزشتہ برس ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 2023 کی پہلی سہ ماہی کے دوران ساڑھے 4 لاکھ سے زائد پاکستانی مختلف ممالک روانہ ہو چکے ہیں۔

پاکستانیوں کی بڑی تعداد کا بیرون ملک جانے کا اندازہ پاسپورٹ دفاتر اور امیگریشن سینٹرز پر جا کر لگایا جا سکتا ہے جہاں اِن دنوں پاسپورٹ اور ویزا کے خواہشمندوں کی لمبی قطاریں دیکھی جا سکتی ہیں۔

اس وقت محکمہ پاسپورٹ اور امیگریشن کے ایک سینیئر عہدیدار نے بتایا تھا کہ پہلے ہمیں پورے ملک سے ایک دن میں 25 ہزار درخواستیں موصول ہوتی تھیں لیکن اب یہ تعداد یومیہ 45 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں