سیکیورٹی فورسز نے دو ماہ کے دوران 181 دہشت گرد ہلاک کردیئے

راولپنڈی (ڈیلی اردو) پاکستانی سکیورٹی فورسز نے سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں یکم اپریل سے 10 جون تک دہشتگردی کے خلاف 7 ہزار 745 آپریشن کر کے 181 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق 2 ماہ سے زائد عرصے کے دوران سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ میں 7 ہزار 745 آپریشن کیے، اس دوران خیبرپختونخوا میں 2 ہزار 701، بلوچستان میں 4 ہزار 902 اور سندھ میں 142 آپریشنز کیے گئے۔

سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 181 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا جس میں سے خیبرپختونخوا میں 128، بلوچستان میں 51 اور سندھ میں 2 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق مئی کے دوران بلوچستان میں 12 اور خیبرپختونخوا میں 42 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ مئی میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے 61 دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 12، لکی مروت میں 11 جبکہ شمالی وزیرستان میں 19 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔

سکیورٹی فورسز نے ژوب بارڈر سے دراندازی کرنے والے 7 دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ 2 کو گرفتار کیا، پشین اور قلعہ عبداللہ میں دراندازی کی کوشش کرنیوالے 5 دہشتگردوں کو ہلاک اور ایک کو گرفتار کیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بشام میں چینی شہریوں کو نشانہ بنانے والا کالعدم ٹی ٹی پی کا نیٹ ورک پکڑا جا چکا ہے اور حملے میں ملوث دہشت گرد عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔

ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ افغان شہری سمیت 2 خودکش حملہ آوروں کو ان کے ہینڈلرز سمیت دراندازی کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا جبکہ بلوچستان سے اسلحہ، گولہ بارود، دھماکا خیز مواد، 4 خودکش جیکٹس اور 14 آئی ای ڈیز برآمد کی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں