اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ کے نواحی علاقے ممازئی میں مسافر گاڑی پر فائرنگ سے ڈرائیور سمیت دو افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
پشاور سے پاراچنار جانے والی مسافر کوچ پر کوہاٹ میں ہنگو روڈ پر پرچاؤ بانڈہ پر دہشت گرودں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں مسافر کوچ کے ڈرائیور سمیت 2 افراد ہلاک اور تین مسافر زخمی ہوگئے ہیں۔
زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال کوہاٹ کے ڈی اے منتقل کر دیا گیا۔ ریسکیو کے ترجمان نے ڈیلی اردو کو بتایا کہ حادثے میں واجد حسین اور نور دل خان ہلاک ہوئے جب کہ زخمیوں کی شناخت سمیع اللہ، امجد اور زوہیب کے نام سے ہوئی ہے۔
ہلاک ہونے والوں میں سے ایک کا تعلق شیعہ مسلک اور دوسرا کا تعلق سنی مسلک سے بتایا جاتا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزمان کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔