پاراچنار (ڈیلی اردو) قبائلی ضلع کرم کے ہیڈ کوارٹر پاراچنار میں مسافر گاڑی پر فائرنگ کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ اس دوران تمام بازار و کاروباری مراکز بند کر دئے گئے۔
گذشتہ روز کوہاٹ میں مسافر گاڑی پر فائرنگ سے ڈرائیور سمیت دو افراد ہلاک اور تین مسافر زخمی ہوئے تھے۔
احتجاجی مظاہرہ میں ہزاروں آفراد نے شرکت کی اور ڈرائیور کے جنازے کیساتھ احتجاجی جلوس بھی نکالا۔ اس دوران مظاہرین نے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور مسافر گاڑیوں کو تخفظ دینے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ پشاور سے پاراچنار آنے والی مسافر گاڑیوں کو کئی بار ٹارگٹ کیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف موثر کاروائی نہیں کی جارہی جبکہ دہشت گردی واقعات کو ذاتی دشمنی کا رنگ دیا جارہا ہے۔
مظاہرین نے کہا کہ عوام کو تحفظ دینے میں ریاست بری طرح ناکام ہوچکی ہے ضلع کرم میں دہشت گرد دوبارہ منظم ہوگئے ہیں اور بے گناہ لوگوں کا خون بہانے کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوچکا ہے اور ذمہ دار خواب غفلت کے مزے لے رہے ہیں ۔