اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ پنجاب کے ضلع منڈی بہاؤالدین میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شیعہ نوجوان ہلاک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ پھالیہ کے علاقہ شیر آباد کالونی میں نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے سید اسد اعجاز نقوی ہلاک ہوگئے۔ اسد نقوی عید الاضحی سے چند روز قبل وطن واپس لوٹے تھے۔
پولیس کے مطابق سید اسد اعجاز نقوی کو گھر کے قریب نامعلوم افراد نے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔
ایس ایچ او تھانہ پھالیہ محمد آصف رانجھا کا کہنا تھا کہ ہم شواہد اکٹھے کر رہے ہیں اور بہت جلد ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔
واضح رہے کہ بیس سال قبل انکے والد سید اعجاز حسین نقوی دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ گیا تھا۔ اعجاز نقوی شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر کے عہدہ پر فائز تھے۔ سید اعجاز نقوی کو 2 مارچ 2004 کو یوم عاشور کے جلوس سے واپسی پر کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔