لاہور (بیورو رپورٹ) صوبہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کے علاقے بھکھی کے نواحی گاؤں کرلکے میں درجنوں شرپسندوں کی جانب سے مسجد و امام بارگاہ آل یسین پر نماز جمعہ کے دوران حملہ کیا گیا، جس سے متعدد نمازی زخمی ہوگئے، جنہیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ان میں سے چار شیعہ نمازیوں کی کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال شیخوپورہ منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق امام بارگاہ آل یاسین میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی جا رہی تھی کہ 50 سے زائد شرپسند ڈنڈوں، سوٹوں اور آتشیں اسلحہ سے لیس امام بارگاہ کے سامنے پہنچ گئے اور نعرے بازی شروع کر دی، بعدازاں مشتعل افراد نے امام بارگاہ کا گیٹ توڑ دیا اور اندر گھس کر نمازیوں پر ڈنڈوں، سوٹوں سے تشدد کیا، قرآن مجید اور قرآنی آیات کی توہین کی، امام بارگاہ میں نصب علم حضرت عباس کو نذر آتش کر دیا جس پر پنجتن پاک کے اسمائے مبارک لکھے ہوئے تھے۔ واقعہ کا مقدمہ بھکھی پولیس نے غلام مرتضیٰ کی مدعیت میں امام بارگاہ و مسجد میں موجود علم حضرت عباسؑ، مسجد میں موجود قرآن کی 295 B، توہین مذہب کی 295 A سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمے میں 19 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ دیگر نامعلوم ہیں۔
مدعی کے مطابق پولیس کے آنے پر ملزمان امام بارگاہ و مسجد سے فرار ہوگئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔