خیبرپختونخوا میں رواں سال 1400 سے زائد آپریشنز میں 124 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، سی ٹی ڈی

پشاور (حسام الدین) کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی )خیبرپختونخوا نے رواں سال دہشتگردوں کے خلاف1 ہزار 433 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 322 دہشتگردوں کو گرفتار کیا جبکہ 124 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

محکمہ انسداد دہشتگردی خیبر پختونخوا نے صوبے کے مختلف اضلاع میں 55 دہشت گردی کے حملوں کو ناکام بنایا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق 2 خودکش حملہ آوروں کو گرفتار کرکے پشاور کو بڑی تباہی سے بچایا گیا، اس کے علاوہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے منسلک محسن قادر گروپ، بیٹنی پڑاکئے گروپ، ٹیپو گل گروپ اور ضرار گروپ کو انجام تک پہنچایا گیا۔ سنتا گروپ، ٹی ٹی پی گنڈا پور گروپ کے کمانڈرز اور اُنکے ساتھیوں کو بھی ہلاک کیا گیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق دھماکا خیز بارود کی سمگلنگ میں ملوث 14 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق 18 دہشت گردوں کے سروں کی قیمت مقرر کی تھی ان میں انتہائی مطلوب 10 دہشتگردوں کو گرفتار جبکہ 8 کو آپریشنز میں ہلاک کیا گیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق رواں سال 273 دہشت گرد حملے ہوئے، حملوں میں 118 میں پولیس کو ٹارگٹ کیا گیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردی کی بیخ کنی اور صوبے میں امن و امان کے قیام کیلئے سی ٹی ڈی کو مزید سہولیات کے ساتھ منظم کیا جا رہا ہے جبکہ ملک دشمن عناصر کو ہر محاذ پر دندان شکن شکست دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

ان کے مطابق ہر محاذ پر دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کو بروقت خاک میں ملایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں