اسلام آباد میں محرم الحرام پر تخریب کاری کا منصوبہ ناکام،خودکش جیکٹ سمیت دیگر سامان برآمد

اسلام آباد (ڈیلی اردو) اسلام آباد پولیس کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی رات انٹیلیجنس کی بنیاد پر آپریشن کے دوران تھانہ سنگجانی کی حدود سے ہینڈ گرنیڈ، ڈیٹونیٹر اور خودکش جیکٹ سمیت دیگر سامان برآمد کیا گیا۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک اعلامیے کے مطابق محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے پیش نظر روزانہ کی بنیاد پر اسلام آباد میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے جا رہے ہیں اور ایسی ہی ایک کارروائی کے دوران علاقہ تھانہ سنگجانی میں کچھ ملزمان پولیس ٹیم کو دیکھ کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق علاقے کو گھیر میں لیکر مزید نفری کی مدد سے تلاش شروع کی گئی تو کلاشنکوف، ہینڈ گرنیڈ، ڈیٹونیٹر، تار اور خودکش جیکٹ کا سامان برآمد ہوا جس کے بعد بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کرکے بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ سی ٹی ڈی میں واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے مزید تفتیش عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے بھی ٹیمیں تشکیل دے کر آپریش جاری ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں