آپریشن عزم استحکام پر ’بلا جواز تنقید‘ پر کور کمانڈرز کانفرنس کا تشویش کا اظہار

راولپنڈی (ڈیلی اردو/بی بی سی) پاکستان کے آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس میں چند حلقوں کی جانب سے عزمِ استحکام کے حوالے سے بلاجواز تنقید اور مخصوص مفادات کے حصول کے لیے قیاس آرائیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے اعلامیے کے مطابق جمعے کے دن آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 265ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں عزمِ استحکام کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فورم نے انسدادِ دہشت گردی کے لیے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں عزمِ استحکام کو اہم قدم قرار دیتے ہوئے چند حلقوں کی جانب سے بلاجواز تنقید اور مخصوص مفادات کے حصول کے لیے قیاس آرائیوں پر اظہارِ تشویش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملک میں پائیدار استحکام اور معاشی خوشحالی کے لیےعزمِ استحکام دہشت گردی اور غیر قانونی سرگرمیوں (Illegal Spectrum) کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کے لیے وقت کا اہم تقاضہ قرار دیا گیا۔

فورم کا علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر غور اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

کانفرنس کے شرکا نے سیاسی عزائم کی تکمیل کے لیے جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کو ریاستی اداروں کے خلاف سازش قرار دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ریاست مخالف بیرونی طاقتوں کی سرپرستی میں جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کا مقصد جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے قوم میں نفاق اور مایوسی پھیلانا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان اور پاکستانی قوم ان سازشوں سے نہ صرف آگاہ ہیں بلکہ دشمن کے مذموم مقاصد کو شکست دینے کے لیے پُرعزم اور متحد ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں