پاکستان نے دہشت گردوں کے ہاتھوں بہت نقصان اُٹھایا ہے، علاقائی سلامتی سے متعلق مشترکہ مفادات ہیں، امریکا

واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان میتھو ملر کا کہنا ہے کہ ’پاکستانی عوام کو دہشت گردوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ علاقائی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے میں ہمارے مشترکہ مفادات ہیں۔‘

امریکی دفترِ خارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان میتھیو ملر نے پاکستان میں ایک نئے فوجی آپریشن اور افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف ممکنہ کارروائی کے متعلق پوچھے گئے سوال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’پاکستانی عوام کو دہشت گردوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ علاقائی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے میں ہمارے مشترکہ مفادات ہیں۔ ہم باقاعدگی سے حکومتِ پاکستان کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ علاقائی سلامتی کو مضبوط بنانے اور استعداد کار بڑھانے کے مواقع کی نشاندہی کی جاسکے، جس میں انسداد دہشت گردی سے متعلق بات چیت بھی شامل ہے۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران پاکستان میں نو مئی کے احتجاج کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں امریکی دفترِ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ ’ہمارے خیال میں دُنیا میں کہیں بھی ایسا نہیں ہونا چاہیے، یعنی ہم جائز، آزادیِ اظہار کی حمایت کرتے ہیں، جس میں احتجاج کا حق، پرامن اجتماع کا حق بھی شامل ہے، اور ہم پرتشدد کارروائیوں کی مخالفت کرتے ہیں، ہم توڑ پھوڑ، لوٹ مار، آتش زنی کی مخالفت کرتے ہیں۔ جب ان حالات سے نمٹنے کی بات آتی ہے تو ہم سب سے پہلے یہ کہنا چاہتے ہیں کہ تمام مظاہرے پرامن طریقے سے ہونے چاہئیں اور حکومتوں کو ان سے قانون کی حکمرانی اور اظہار رائے کی آزادی کے احترام کے مطابق نمٹنا چاہیے۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں