لاہور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سانحہ ساہیوال کی جے آئی ٹی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ انکوائری کو سنجیدگی سے نہ لینا نامناسب رویہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان، وزیرقانون پنجاب راجا بشارت ، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے حکام بھی موجود تھے۔
اجلاس میں سانحہ ساہیوال کی ابتدائی جے آئی ٹی رپورٹ پیش کی گئی، اجلاس میں سانحہ ساہیوال کی جے آئی ٹی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا تاہم وزیر اعلیٰ پنجاب مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی تحقیقات سے مطمئن نہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کے سربراہ اعجاز شاہ وزیراعلیٰ پنجاب کو سانحہ کی ابتدائی رپورٹ میں مطمئن نہ کر سکے، وزیراعلیٰ نے جے آئی ٹی کے سربراہ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ انکوائری کو سنجیدگی سے نہ لینا نامناسب رویہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کی ابتدائی رپورٹ میں خلیل اور اسکی فیملی کو بے گناہ قرار دے دیا ہے جبکہ ذیشان کو مشتبہ قرار دیا گیا ہے
جے آئی ٹی اصل ذمہ داروں کا سراغ لگانے میں ناکام رہی، اصل ملزمان کو بچا کر نچلے عملے کو ذمہ دار قرار دیاجا رہا ہے، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اجلاس میں سی ٹی ڈی کے سربراہ اورایس ایس پی آپریشن کی تبدیلی کے فیصلے کا بھی امکان ہے۔