ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کا دیہی صحت مرکز پر حملہ، 2 فوجیوں سمیت 7 افراد اور 3 حملہ آور ہلاک

راولپنڈی (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کری شموزئی میں رورل ہیلتھ سینٹر پر دہشت گردوں کے حملے میں پانچ شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ واقعہ پیر اور منگل کی درمیانی شب پیش آیا ہے۔

ہلاک ہونے والوں میں دو لیڈی ہیلتھ ورکرز، دو بچے اور ایک چوکیدار شامل ہے۔

پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران تین دہشت گرد بھی مارے گئے ہیں۔ جب کہ اس دوران فوج کے دو اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔

شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ضلع نارووال کے رہائشی 44 سالہ نائب صوبیدار محمد فاروق اور خانیوال سے تعلق رکھنے والے سپاہی محمد جاوید اقبال بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ شدت پسندوں کی جانب سے حملوں میں تیزی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان نے حال ہی میں شدت پسندوں کے خلاف ‘آپریشن عزم استحکام’ کا اعلان کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں