فرانس: فوجی اہلکار پر چاقو سے وار کرتے ہوئے ’گاڈ از گریٹ‘ کا نعرہ لگانے والا عیسائی حملہ آور گرفتار

پیرس (ڈیلی اردو) فرانس کے وزیر داخلہ جیرالڈ درمانین نے کہا ہے کہ ایک 40 سالہ شخص کو پیرس کے ایک بڑے ریلوے اسٹیشن کی حفاظت پر مامور فوجی کو چاقو مار کر زخمی کرنے کے شبہ میں گرفتار کرلیا گیا۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق شمالی پیرس کے گار ڈی ایل ایسٹ اسٹیشن پر ہونے والا حملہ اولمپکس کھیلوں کے آغاز سے دو ہفتے قبل کیا گیا۔

جیرالڈ درمانین نے ایکس پر بتایا کہ فوجی افسر کی جان کو خطرہ نہیں جبکہ ایک پولیس ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ اسے ’کندھے پر‘ چاقو مارا گیا۔

گشت پر موجود دوسرے فوجیوں کے وفد نے حملے کے فوری بعد مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا جبکہ زخمی شخص کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ شخص ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو میں پیدا ہوا اور اس کی عمر 40 سال ہے، اس نے 2006 میں فرانسیسی شہریت حاصل کی تھی۔

ایک اور پولیس ذرائع نے مزید کہا کہ حملے کے وقت اس نے کہا کہ وہ عیسائی ہے اور فرانسیسی زبان میں ’گاڈ از گریٹ‘ کا نعرہ لگایا۔

دوسرے ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ شخص نے کہا کہ اس نے سپاہی پر حملہ اس لیے کیا کہ کیونکہ فوج ان کے ملک میں ان کے لوگوں کو مارتی ہے۔

مسلح افواج کے وزیر سیبسٹین لیکورنو نے شہریوں کی حفاظت کرنے والے فرانسیسی فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ایکس پر لکھا میں آج رات گار ڈی ایل ایسٹ میں زخمی ہونے والے فوجی کے لیے دعاگو ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ فوجی پیرس میں حساس مقامات کی حفاظت کے لیے ایک خصوصی فوجی آپریشن کا حصہ تھا جسے 2015 میں چارلی ہیبڈو اخبار پر اسلام پسندوں کے حملوں کے بعد تعینات کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں