جرمنی میں افغان شرپسندوں کا پاکستانی قونصل خانے پر دھاوا، پرچم کی بےحرمتی، دفتر خارجہ کا اظہار مذمت

برلن + اسلام آباد (ڈیلی اردو) جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل جنرل کے باہر افغان باشندوں نے ہنگامہ آرائی کی، پتھراؤ کیا اور پاکستانی پرچم بھی اتار دیا جس پر پاکستانی سفارتی حکام نے واقعہ پر شدید احتجاج کیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل ڈان نیوز کے مطابق جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں افغان شہریوں کی جانب سے پاکستانی قونصل خانے پر پتھراؤ کیا گیا اور پاکستانی پرچم اتارنے کا افسوسناک واقعہ بھی پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق افغان باشندوں نے پاکستانی پرچم جلانے کی کوشش بھی کی، پاکستانی پرچم کی جگہ افغانی پرچم لہرایا گیا، پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے لیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جرمن حکام نے سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا ہے جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

پاکستان نے فرینکفرٹ جرمنی میں انتہاپسند گروہ کی جانب سے اپنے قونصل خانے پر حملےکی شدید مذمت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان نے جرمنی کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ویانا کنونشنز کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے۔

دفترخارجہ نے کہا کہ فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے کی سلامتی کو خطرے میں ڈالاگیا، واقعے سے قونصل عملے کی جان کو خطرہ لاحق ہوا۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ سفارتکاروں کی سلامتی یقینی بنانا میزبان حکومت کی ذمہ داری ہے، جرمن حکام ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کریں،ترجمان دفترخارجہ

پاکستانی سفارتی حکام نے افسوسناک واقعے پر جرمن وزارت خارجہ سے احتجاج کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستانی حکام کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سفارتی تنصیبات کی سیکیورٹی کی ذمہ داری جرمن حکومت کی ہے، اس معاملے پر بین الاقوامی برادری میں بھی سفارتی تنصیبات کی سیکیورٹی کے معاملے پر تشویش پائی جاتی ہے۔

جرمن حکام نے پاکستانی سفارتی حکام کو مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پاکستان نے فرینکفرٹ جرمنی میں انتہاپسندگروہ کی جانب سے اپنےقونصل خانے پرحملےکی شدید مذمت کی ہے۔جرمن حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ویاناکنونشنز کے تحت ذمہ داریوں کو پورا کرے۔

جرمنی میں پاکستانی سفارتخانہ کی شدید مذمت

جرمنی میں پاکستانی سفارتخانہ نے فرینکفرٹ قونصل خانے میں توڑپھوڑ کی شدید مذمت کی ہے۔

پاکستان سفارتخانہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ پاکستانی سفارت خانہ جرمن حکام سے رابطے میں ہے، اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ایسی صورتحال دوبارہ نہ ہو۔

بیان میں کہا گیا کہ شرپسندوں کو قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، پاکستانی سفارتخانہ نے اپنی کمیونٹی سے صبر اور سکون سے رہنےکی اپیل کی۔

پاکستانی وزارت خارجہ کا ردعمل

اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسلام آباد میں پاکستانی وزارت خارجہ نے بھی آج اتوار کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان ”انتہا پسندوں کے ایک گروہ کی طرف سے فرینکفرٹ میں اپنے قونصل خانے پر کیے گئے حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور ساتھ ہی جرمن حکام کی اس ناکامی کی بھی کہ وہ اپنے ہاں پاکستانی قونصل خانے کی سکیورٹی اور وقار کی حفاظت کرنے میں ناکام رہے۔‘‘

وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا، ”ویانا کنوینشن کے تحت کسی بھی ملک میں سفارتی عمارات اور عملے کے تحفط کی ذمے داری میزبان ملک کی حکومت کی ہوتی ہے۔ کل کے واقعے میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل کی سکیورٹی کو پامال کیا گیا اور ہم اس بارے میں جرمن حکومت تک اپنا شدید احتجاج پہنچا رہے ہیں۔‘‘

پاکستانی وزارت خارجہ نے جرمن حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری اور انہیں قانونی طور پر جواب دہ بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں