ہمسایہ ممالک کی سرزمین ہمارے خلاف استعمال ہو رہی ہے، یہ پاکستان کیخلاف منظم سازش ہے، وزیرِاعظم شہباز شریف

اسلام آباد (ڈیلی اردو/بی بی سی) حالیہ دنوں میں مُلک میں دہشت گردی کے واقعات میں اضاف سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جن میں پاکستان کی عوام، فوج اور پولیس کے بہادر جوانوں نے بڑی تعداد میں قربانیاں دی ہیں۔‘

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ پاکستان کے خلاف ایک منظم سازش ہے۔ دہشت گردی کی لہر قابل افسوس ہے اس میں کچھ ہمسایہ ممالک کی سرزمین استعمال ہورہی ہے۔‘

وزیر اعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم 40 سال سے ان کے پناہ گزینوں کی میزبانی کررہے ہیں،وہ ہمارے بھائی ہیں وہ یہاں رہیں، حالات سازگار ہونے پر واپس جائیں گے۔ لیکن مہمان نوازی کا بدلہ یہ دیا جارہا ہے کہ ان کی سرزمین سے ٹی ٹی پی پاکستان کے خلاف دہشت گردی کرے تو یہ قابل قبول نہیں، ہم اپنے شہریوں کی مکمل حفاظت یقینی بنانے کے لئے تیار ہیں تاہم ہم چاہتے ہیں کہ بات چیت سے مسئلہ حل ہو، ہم امن سے رہیں۔‘

اس کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے 9 مئی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’جس طرح نو مئی کو ایک ٹولے نے مُلک کے امن کو نقصان پہنچایا تھا اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور پاکستان کی جڑیں ہلانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی۔‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’سب کے علم میں ہے کہ ماضی میں انھوں نے پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملہ کیا تھا۔ وزیر اعظم ہاؤس کے ارد گرد ان کے جتھے آئے تھے، آج وہی پاکستان کے خلاف نئے ہتھکنڈے استعمال کررہے ہیں، پاک فوج کے خلاف منظم پراپیگنڈا کیا جارہا ہے۔ آرمی چیف اور ان کے خاندان کو سوشل میڈیا پر ٹارگٹ کیاجارہا ہے، یہ سب ناقابل قبول ہے۔‘

وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ’اس کے خلاف بند باندھنا ہوگا پاکستان کے مفادات کے تحفظ کے لئے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں