کوئٹہ (ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے ضلع ہوشاب میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 24 جولائی کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ہوشاب میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دہشت گرد علی جان مارا گیا جبکہ دو دہشت گرد زخمی ہو گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ دہشت گرد علاقے میں بے گناہ شہریوں کے اغوا اور ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے جبکہ مارے گئے دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
اس حوالے سے کہا گیا کہ علاقے میں موجود مزید دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران ملک بالخصوص صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملوں میں بے پناہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کنفلکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (پی آئی سی ایس ایس) کی رپورٹ کے مطابق موجودہ سال کی پہلی ششماہی میں دہشت گردی اور خودکش حملوں کا خطرناک رجحان جاری رہا جس میں ملک بھر میں 389 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
اِن 432 اموات میں عام شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی 281 ہلاکتیں شامل ہیں۔