کابل (ڈیلی اردو) افغانستان میں مختلف کاروائیوں کے دوران داعش کے اہم رہنما اور دو غیر ملکیوں سمیت 17 دہشت گرد مارے گئے۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار کے ضلع اچین میں امریکی ڈرون حملے میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔
کارروائی انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی اور ڈرون کے داعش کے ٹھکانے پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں داعش کے اہم رہنما مولوی سلیمان اپنے دیگر 4 مسلح ساتھیوں سمیت مارا گیا، اس کارروائی میں کسی عام شہری کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
دریں اثناء شمالی صوبہ بدخشاں میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں دو غیر ملکیوں سمیت 12 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
شمالی علاقے کے فوجی ترجمان عبدالہادی جمال نے بتایا کلین اپ اپریشن بدھ کی صبح شروع کیا گیا جس میں 10 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے، تاہم ہلاک غیر ملکیوں کی شہریت کا پتہ نہیں چل سکا، کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز کے کچھ افراد بھی زخمی ہوگئے۔