غزہ میں سکول پر اسرائیلی فضائی حملے میں درجنوں افراد ہلاک

غزہ (ڈیلی اردو/بی بی سی) حماس کے زیر کنٹرول شہری دفاع کے ادارے کا کہنا ہے کہ غزہ میں ایک سکول پر اسرائیلی فضائی حملے میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

اسرائیلی افواج (آئی ڈی ایف) کا دعویٰ ہے کہ اس نے سنیچر کے روز حماس کے ایک کمانڈ سینٹر پر حملہ کیا جس کے متعلق آئی ڈی ایف کا دعویٰ ہے کہ یہ کمانڈ سینٹر ایک سکول کے اندر بنایا گیا تھا۔

غزہ کے شہری دفاع کے ادارے کے مطابق دراج ضلع میں ہونے والے حملے میں کم از کم 90 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔

بی بی سی ان اعداد و شمار کی آزادانہ تصدیق کرنے سے قاصر ہے۔

شہری دفاع ایجنسی کے ترجمان محمود باسل نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ہلاکتوں کی تعداد 90 سے 100 کے درمیان ہے اور درجنوں زخمی ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’تین اسرائیلی راکٹ اس سکول پر گرے جس میں بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی تھی۔‘

اس سے قبل ٹیلیگرام پر ایک پوسٹ میں انھوں نے حملے کے بعد کے منظر کو ’خوفناک قتل عام‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا عملہ زخمیوں کو بچانے اور لاشوں کو نکالنے کے لیے آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہے۔

اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ اس نے ’حماس کے ان عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا جو التبعین سکول میں بنائے گئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اندر کام کر رہے تھے۔‘

اس ہفتے کے شروع میں اسرائیلی افواج نے دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے غزہ شہر میں دو سکولوں کے اندر بنائے گئے حماس کے ’کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز‘ کو نشانہ بنایا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں