اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں تین مختلف واقعات میں سیکورٹی فورسز کے دو افسران سمیت متعدد اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک افسر سمیت چار اہلکار زخمی ہوگئے۔
ذرائع نے ڈیلی اردو کو بتایا کہ دہشت گردوں نے خسوخیل میں چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس میں میجر سمیت 4 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ملٹری ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
بروز اتوار کے روز ہی شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں نے کانوائے پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ سے ایک میجر سمیت چار اہلکار زخمی ہوگئے۔ ذرائع نے بتایا کہ فورسز کی جوابی کارروائی سے حملہ آور فرار ہوگئے۔
اس کے علاوہ اتوار کے روز ہی شمالی وزیرستان کی تحصیل رزمک میں سنائپر حملے میں سپاہی شیراز جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ابھی تک شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملوں کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں ہوا ہے۔