یوکرین پیش قدمی: روس نے بیلگورود میں بھی ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کر دیا

ماسکو (ڈیلی اردو/اے ایف پی/رائٹرز/اے پی/ڈی پی اے) یوکرینی فوج کے حملوں کے بعد سے اب تک روس کے دو علاقوں کی مقامی انتظامیہ ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کر چکی ہیں۔ کییف کی جانب سے کروسک کے 74 قصبوں اور دیہات کا کنٹرول سنبھالنے کے اعلان بھی کیا گیا ہے۔

روس پر یوکرینی فوجی حملے کے دوران اب مزید ایک اور علاقے کی انتظامیہ نے ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کر دیا ہے۔ روس میں بیلگورود کے علاقائی گورنر ویاچسلاو گلاڈکوف نے میسجنگ ایپ ٹیلی گرام پر لکھا، ”یوکرین کی مسلح افواج کی گولہ باری کی وجہ سے بیلگورود کے علاقے میں حالات انتہائی مشکل اور کشیدہ ہیں۔ مکانات تباہ، شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔‘‘

انہوں نے مزید لکھا، ”علاقائی سطح پر ہنگامی حالت متعارف کرائی جائے گی، جس کے بعد حکومتی کمیشن سے وفاقی ہنگامی حالت کا اعلان کرنے کی درخواست کی جائے گی۔‘‘

گزشتہ ہفتے یوکرین کے ساتھ سرحد پر واقع روسی علاقے کروسک میں بھی دوسری عالمی جنگ کے بعد کے سب سے بڑے زمینی حملے کی وجہ سے ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کیا گیا تھا۔ گلاڈکوف کا کہنا تھا کہ منگل کو یوکرینی افواج کی طرف سے دو مزید روسی بستیوں پر حملہ کیا گیا۔

کییف حکومت کی جانب سے کروسک کے 74 قصبوں اور دیہات کا کنٹرول سنبھالنے کے اعلان کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ یہ حملہ ان کے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن کے لیے ایک ”حقیقی مخمصہ‘‘ ہے۔ یوکرین نے آج بدھ 14 اگست کو کروسک کو مزید ڈرون حملوں اور میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ مغربی طاقتوں نے حال ہی میں یوکرین کی افواج کو روسی سرزمین کے اندر اپنے ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت دینے کے بارے میں اپنا ذہن بدلا، اور انہیں کروسک میں مزید آگے بڑھنے کی اجازت دی ہے۔

یوکرینی فوج کے سربراہ الیکسانڈر سیرسکی نے منگل کی رات دیر گئے کہا کہ گزشتہ روز ”40 مربع کلومیٹر سے زیادہ علاقے کا کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے۔‘‘

کیف نے اس حملے سے متعلق زیادہ وضاحت نہیں کی ہے سوائے یہ کہنے کے کہ اس کا مقصد روسی علاقے کو مستقل طور پر کنٹرول کرنا نہیں ہے۔ کریملن کا خیال ہے کہ یوکرین ممکنہ جنگ بندی معاہدے کے دوران فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، جب کہ واشنگٹن میں حکام نے قیاس کیا ہے کہ یوکرین کے صدر وولادیمیر زیلنسکی کریملن کو یوکرین سے فوجیں نکالنے اور کروسک منتقل کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

کروسک میں یوکرینی پیش قدمی روک دی ہے، روس

اسی دوران روسی حکام نے کہا ہے کہ یوکرینی افواج کی طرف سے کروسک کے پانچ مزید علاقوں میں مداخلت کی کوششوں کو پسپا کر دیا گیا۔ روسی وزارت دفاع کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت پر جاری کیا گیا ہے، جب یوکرینی صدر وولادیمیر زیلنسکی نے بدھ کے روز کہا ہے کہ ان کی افواج پیش قدمی کر رہی ہیں۔ روسی وزارت دفاع کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا، ”دشمن کے موبائل یونٹس کی طرف سے بکتر بند آلات کا استعمال کرتے ہوئے روسی علاقے میں مزید اندر تک داخل ہونے کی کوششوں کو پسپا کر دیا گیا ہے۔‘‘

کروسک نیوکلیئر پلانٹ کی سکیورٹی میں اضافہ

روس کے نیشنل گارڈ نے یوکرین کے ڈرون حملوں سے لاحق خطرے کا حوالہ دیتے ہوئے کروسک نیوکلیئر پاور پلانٹ کے ارد گرد اپنی موجودگی بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ کروسک پلانٹ روس میں بجلی پیدا کرنے والے چار بڑے پاور پلانٹس میں سے ایک ہے۔ یہ کروسک اور انیس دیگر علاقوں میں کو بجلی فراہم کرتا ہے۔کروسک نیوکلیئر پاور پلانٹ دو فعال اور دو منقطع ری ایکٹروں پر مشتمل ہے۔

فروری 2022 میں یوکرین کے خلاف روسی جنگ شروع ہونے کے بعد سے سرحد کے دونوں جانب لڑائی کے جوہری ری ایکٹرز کے بہت قریب آنے کے خدشات ہیں۔

یوکرین پر روس کے ابتدائی حملے کے کچھ ہی عرصے بعد زاپوریژیا نیوکلیئر پاور پلانٹ کے ارد گرد شدید لڑائی ہوئی تھی۔ یورپ کے اس سب سے بڑے ایٹمی پاور سٹیشن کے اردگرد لڑائی نے ایٹمی تابکاری کے پھیلاؤ کے خدشات کو جنم دیا تھا۔ اس پلانٹ کے ارد گرد پچھلے دو سالوں میں مختلف مقامات پر لڑائی ہوتے دیکھی گئی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں