پشاور (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پولیس وین کے قریب دھماکے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت5 زخمی ہوگئے۔
ایس پی ورسک کے مطابق ریموٹ کنٹرول دھماکے میں 5 کلوبارودی مواد استعمال کیا گیا جس سے پولیس موبائل وین کو نقصان ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق بارودی مواد سیمنٹ کے بلاک میں نصب کیا گیا تھا۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی یو) کے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) ارشد نے کہا کہ دھماکے میں 4 سے 5 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے دھماکے کے فوری بعد متاثرہ علاقے کو اپنے گھیرے میں لے لیا ہے۔ اور جائے وقوع سے کچھ مشکوک افراد کو حراست میں لیے گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق دھماکے کے 5 زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ آٹھ دنوں کے دوران ورسک روڈ پر یہ دوسرا دھماکہ ہے، اور دونوں مرتبہ پولیس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔