خیبر، اورکزئی اور ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن، 4 دہشت گرد اور ایک اہلکار ہلاک

اسلام آباد (ڈیلی اردو رپورٹ) صوبہ خیبر پختونخوا کے تین مختلف اضلاع میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں چار دہشت گرد اور ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔

ڈیلی اردو کے مطابق ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے علاقے کیڈی ملنگ میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلجنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم ٹی ٹی پی کے دو دہشت گرد مارے گئے۔

ادھر قبائلی ضلع خیبر میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور جمرود پولیس نے پی ڈی اے للمہ نزد غاڑیزہ نہر علاقہ تھانہ جمرود کی حدود میں دہشت گردوں کی موجودگی پر مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان ولید گروپ کے دو دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ حکام کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ و دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔

ڈیلی اردو کے مطابق رات گئے قبائلی ضلع اورکزئی کے علاقے ڈبوری میں ارہانگہ چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں فرنٹیئر کور کا اہلکار خالق زار ہلاک ہوگیا ہے۔ جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کاروائی کے نتیجے میں حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے اہلکار کا تعلق کرم کے علاقے نری (شلوزان تنگی) سے ہے۔

واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں