اسرائیل کا غزہ کے کئی علاقوں سے رہائشیوں کو نکل جانے کا حکم

یروشلم (ڈیلی اردو/ڈی پی اے/اے ایف پی/رائٹرز) اسرائیلی فوج کی طرف سے آج ہفتہ 17 اگست کو بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے وسط میں واقع متعدد علاقوں کے رہائشیوں سے کہا ہے کہ وہ نئے فوجی آپریشن سے قبل وہاں سے نکل جائیں۔

اسرائیلی فوج کی طرف سے آج ہفتہ 17 اگست کو بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے وسط میں واقع متعدد علاقوں کے رہائشیوں سے کہا ہے کہ وہ نئے فوجی آپریشن سے قبل وہاں سے نکل جائیں۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کی طرف سے مائیکرو بلاگنگ سروس ایکس پر عربی زبان میں لکھی گئی ایک پوسٹ میں کہا گیا کہ رہائشیوں کو اسرائیل کی جانب سے قائم کردہ ‘ہیومینیٹیرین زون‘ میں منتقل ہونا چاہیے۔

فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ غزہ کی پٹی کے وسط میں اسرائیلی حملوں میں متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ پٹی کے جن علاقوں سے رہائشیوں کو نکل جانے کا کہا گیا ہے ان میں المغاسی پناہ گزین ڈسٹرکٹ کے باشندے بھی شامل ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نئی کارروائی کی وجہ حماس کی جانب سے اس علاقے سے راکٹ فائر کیا جانا ہے۔

اسرائیلی فوج اس سے قبل غزہ پٹی کے شمال مشرق میں متعدد علاقوں کے رہائشیوں سے علاقہ چھوڑنے کا کہہ چکی ہے اور بے گھر ہونے والوں سے کہا گیا ہے وہ غزہ شہر کے وسط میں واقع ”معلوم پناہ گاہوں‘‘ میں منتقل ہوجائیں۔

اس کے علاوہ بیت حنون شہر کے رہائشیوں کو بھی وہاں سے نکل جانے کا کہا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ کال حماس کی موجودگی کی وجہ سے دی گئی، جس کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ وہ اس علاقے سے اسرائیل پر راکٹ داغ رہی ہے۔

غزہ جنگ کے دوران ان علاقوں کے رہائشی پہلے ہی کئی بار ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہوتے رہے ہیں۔

فلسطینی ذرائع نے خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا کہ خالی کرائے گئے علاقوں سے متصل علاقوں میں اسرائیلی حملوں میں متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

لبنان میں حزب اللہ کے ایک کمانڈر کو ہلاک کر دیا ہے، اسرائیل

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے ہفتے کے روز جنوبی لبنان میں ایک فضائی حملے میں لبنانی عسکریت پسند گروپ حزب اللہ کے ایک کمانڈر کو ہلاک کر دیا ہے۔

یہ شخص لبنان کے ساحلی شہر صور کے قریب ایک فضائی حملے میں مارا گیا۔ قبل ازیں لبنان کی وزارت صحت نے اعلان کیا تھا کہ علاقے میں ایک موٹر سائیکل پر اسرائیلی حملے میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ ملیشیا کی ایلیٹ یونٹ رادوان فورس کا کمانڈر تھا۔ حزب اللہ نے ابتدائی طور پر حملے یا اسرائیلی دعووں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

غزہ پٹی میں اسرائیل کی جنگ کے آغاز کے بعد سے حزب اللہ نے جنوبی لبنان سے شمالی اسرائیل میں متعدد بار راکٹ حملے کیے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں متعدد فضائی حملوں اور اہداف پر گولہ باری کی ہے۔

غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد 40 ہزار سے متجاوز

غزہ کے طبی ذرائع کے مطابق غزہ کی پٹی کے وسط میں واقع السویدہ شہر کے ایک ویئر ہاؤس پر کیے جانے والے فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے 18 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ درجنوں دیگر زخمی بھی ہوئے ہیں۔

فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق وسطی غزہ میں النصیرات پناہ گزین کیمپ کے قریب ایک گھر پر فضائی حملے میں مزید چھ افراد ہلاک ہوئے۔ اسرائیلی فوج کا ان ہلاکتوں کے حوالے سے کہنا ہے کہ وہ ان رپورٹس کا جائزہ لے رہی ہے۔

غزہ کی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق گزشتہ برس سات اکتوبر کے بعد سے جاری غزہ جنگ میں اس فلسطینی علاقے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 40,074 ہو گئی ہے۔ بیان کے مطابق اس دوران عسکری کارروائیوں میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 92,537 ہے۔

شہری ہلاکتوں کی بڑی تعداد اور فلسطینی شہری آبادی کو درپیش انسانی بحران کا سبب بننے والے اسرائیلی اقدامات نے شدید بین الاقوامی تنقید کو جنم دیا ہے۔ حماس کی طرف سے گزشتہ برس سات اکتوبر کو اسرائیل کے اندر دہشت گردانہ حملوں کے بعد اسرائیل نے غزہ پٹی میں جوابی طور پر حماس کے جنگجوؤں کے خلاف زمینی اور فضائی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں