ڈیرہ اسماعیل خان میں سی ٹی ڈی کے آپریشن میں کالعدم ٹی ٹی پی کے کمانڈر سمیت 3 دہشت گرد ہلاک

ڈی آئی خان (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے تھانہ درابن کی حدود میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی آئی خان میں سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جہاں سی ٹی ڈی کی فائرنگ سے 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ واقعہ تھانہ درابن کی حدود میں پیش آیا۔

پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے گاڑیوں کو لوٹنے کے لیے سگو پل پر چیک پوسٹ قائم کررکھی تھی، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔

آئی جی اختر حیات گنڈاپور کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت رنگین خان، صدام اور صداقت اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے، جن میں رنگین خان کالعدم تنظیم کا کمانڈر تھا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گرد ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کو دہشت گردی کے واقعات میں انتہائی مطلوب تھے جبکہ دہشت گردوں کا سرکاری گاڑیوں کی جانچ کے لئے ناکہ بندی قائم کرنے کا ارادہ تھا، دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں