بنوں میں پشتون تحفظ موومنٹ کے اہم رہنما کی ‘ٹارگٹ کلنگ’

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پشتون تحفظ مومنٹ (پی ٹی ایم) کا اہم رہنما ڈاکٹر نور محمد خان وزیر ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ بنوں کے دور افتادہ علاقہ جانی خیل میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے ڈاکٹر نور محمد خان وزیر کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا۔

حکام کے مطابق ڈاکٹر نور محمداپنےکلینک سے گھر جا رہے تھے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا ابتدائی رپورٹ کے مطابق ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

مقامی ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر نور محمد خان امن دھرنوں اور جلسوں میں کافی متحرک رہے۔

ڈاکٹر نور محمد خان وزیر پشتون تحفظ مومنٹ کے اہم رہنما تھے، ان کی نماز جنازہ کل علاقہ جانی خیل میں ادا کی جائے گی۔

ڈی پی او بنوں ضیاء الدین احمد نے کہا کہ ‘واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ معلوم ہوتا ہے۔’

ان کا کہنا تھا کہ تفتیش کار اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا اس واقعے کا شہر میں گزشتہ دنوں اہم شخصیت کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او)کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مختلف زاویوں سے تحقیقات کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں