تل ابیب (ڈیلی اردو) اسرائیل کے جنگی طیاروں نے لبنان کے جنوبی شہر صور اور دیگر مقامات پر حزب اللہ کی تنصیبات پر بمباری کی۔
ڈیلی اردو کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں حزب اللہ کے 3 کمانڈرز سمیت سات جنگجو ہلاک ہوگئے۔
ڈیلی اردو مانیٹرنگ سیل کے مطابق اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت علی اکبر الہق، محمد محمود نجم، سعید محمود ذیاب، حسین محمد شقید، حسن وسلام حرقوص، عقیل قاسم غریب اور قاسلم صالح حرقوص کے ناموں سے ہوئی ہے۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ لبنان کے جنوبی علاقے صور میں حزب اللہ کے ایک ایسے سیل کو فضائی حملے میں تباہ کردیا گیا جہاں سے اسرائیلی فوج پر میزائل برسائے جاتے تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بروقت کارروائی کے نتیجے میں اسرائیل پر میزائل داغے جانے کے منصوبے کو ناکام کرتے ہوئے اسرائیلی شہریوں کی جان اور مال کو محفوظ بنایا گیا۔
ادھر حزب اللہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے میرون اڈے پر نگرانی یونٹ کے ہیڈ کوارٹر اور فضائی آپریشن کے انتظام کے جاسوسی ساز و سامان کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی آرمی ریڈیو نے بتایا کہ لبنان سے ٹینک شکن میزائل سے ماؤنٹ میرون میں ایئر کنٹرول بیس کو نشانہ بنایا گیا تاہم کوئی کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا اور یہ اڈہ اب بھی اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔