ماسکو (نیوز ایجنسی / ویب ڈیسک) روسی ایئر لائن کا کمرشل طیارہ مسافر کے افغانستان لے جانے کے مطالبے پر ہنگامی طور پائلٹ نے منزل کے بجائے راستے میں ہی اتار لیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سربیا سے ماسکو جانے والے کمرشل طیارے نے غیر متوقع طور پر روس کے شہر خانئے مینواسک میں ایمرجنسی لینڈنگ کی ہے جس کی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ مسافر نے پائلٹ کو افغانستان کی طرف لے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔
روسی سیکیورٹی حکام کے مطابق ایک مسافر نے طیارے کا رخ افغانستان کی جانب کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس پر طیارے کو راستے میں ہی اتار لیا گیا ہے۔
مسافر سے متعلق تاحال متضاد اطلاعات سامنے آرہی ہیں، روسی خبر رساں ادارے کے مطابق طیارے سے اترتے ہی مسافر کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ میڈیا کا دعویٰ ہے کہ مسافر طیارے میں ہی موجود ہے اور اس نے طیارے کا کنٹرول سنبھال رکھا ہے۔
روسی ایئرلائن کی فلائٹ ایس یو 1515 نے سربیا کے شہر سوروگٹ سے ماسکو کے لیے اُڑان بھری تھی۔
روسی انسداد دہشت گردی کمیٹی کے مطابق جہاز کے کپتان نے ہنگامی طور پر جہاز خانئے مینواسک میں اتارنے کا فیصلہ مسافر کے مطالبے پر کیا ہے۔
روسی طیارہ اترنے کے بعد مقامی انتظامیہ نے ایئرپورٹ کو عارضی طور پر بند کرکے اسے گھیر لیا ہے۔